
تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پنڈی کو بتا دیا ہے کہ اگر موجودہ حکومت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کرے گی تو پھر تنازع اگلے تین سال جاری رہے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ تعلقات تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی خراب نہیں ہوئے۔ ہم نے پنڈی کے تحفظات ختم کرنے کی کوشش کی ہے، ہم تنازع ختم کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ حکومت سے کہا ہے مل بیٹھ کر مسئلے کو حل کریں، ہم نے پنڈی کو بتایا ہے آرمی چیف یہ حکومت لگائے گی تو تنازع تین سال رہے گا، اگر تنازع ختم کرنا ہے تو پھر الیکشن تک ریٹائرمنٹ مؤخر کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ تعلقات تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد بھی خراب نہیں ہوئے، 25مئی کے معاملات کے بعد اسٹیلبشمنٹ سے ہمارے کچھ تعلقات خراب ہوئے ہوں گے۔ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو نااہل کر دیا جائے۔
آپ عمران خان کو کس قانون کےتحت نااہل کریں گے؟ فوری انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ یہ عمران خان کو نااہل کر کے الیکشن جیت جائیں گے، تو غلط فہمی ہے، نااہلی کی صورت میں پارٹی تین چوتھائی اکثریت سے جیت کر آئے گی۔
ان کا کہنا تھا دوبارہ ہماری پارٹی آئے گی اور پھر سب سے پہلا کام عمران خان کو لانے کا کیا جائے گا، ان کی تھیوریاں چلنے والی نہیں ہیں۔ مریم صفدر، خرم دستگیر اور جاوید لطیف جیسے لوگ مسلسل بیانیہ بنانے کی کوشش میں ہیں کہ پنڈی والے ہمیں زبردستی لے کر آئے اور سخت فیصلے کروائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران جماعت یہ ثابت کرنے میں لگی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان سے سخت فیصلے کرائے ہیں اس لئے اب ہم الیکشن جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ حالانکہ ان کی غیر مقبولیت کی سب سےبڑی وجہ سازش سے اقتدار میں آنا ہے۔