
تحریک انصاف کی جانب سے منتخب رہنماؤں کی گرفتاری اور غیر مناسب رویئے کے خلاف سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی گرفتاری کے خلاف شاہراہ دستور پر احتجاج کیا گیا جس میں سابق وزہر خارجہ اور ل پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر سمیت دیگر ریلی کی صورت میں سپریم کورٹ کے باہر پہنچے۔
پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صالح محمد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں وہ منتخب نمائندے ہیں اور پورے علاقے کی تضحیک ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ صالح محمد کو گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا اور ان کی مجرموں کی طرح تصاویر بنائی گئیں۔ سپریم کوٹ کے سامنے اس لیے آئے ہیں کہ وہ انصاف کی علامت ہے۔
سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کا رویہ پوری قوم نے دیکھا اور 25 مئی کو شہریوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ بھی پوری قوم نے دیکھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا ہم صالح محمد، اعظم سواتی، شہباز گل کے ساتھ غیر مناسب رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رہی ہے اور امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ سے منتخب نمائندے کو انصاف ملے گا۔
پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اعظم سواتی کو اٹھایا گیا اور ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا فسطائیت کا دور دورہ ہے اور انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔ اپنے اراکین سے روا رکھے گئے سلوک کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔