
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک کے 75فیصد حصے میں عمران خان کی حکومت ہے مگر یہ گالیاں اور طعنے ہمیں دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع نے سیالکوٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان روز اپنا بیانیہ تبدیل کرتے ہیں، ملک کے 75فیصد حصے پر عمران خان کی حکومت اور ہمیں 24 میل حکومت کا طعنہ دیا جاتا ہے، یہ ہمیں گالیاں دیتےہیں تو دیتے رہیں، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے تباہی آئی ہوئی ہے مگر عمران خان کو جلسے اور جلوسوں کی پڑی ہے۔
خواجہ آصف نے سیلابی صورتحال کےحوالے سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ صورتحال بے قابو ہوچکی ہے دعا ہے کہ اس پر قابو پالیا جائے،قدرت کی طرف سے جو آزمائش ہے وہ اپنی جگہ مگر اس میں ہمارا اپنا بھی قصور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبی گزرگاہوں پر لوگوں نے تجاوزات قائم کررکھی ہیں، رشوت دے کر یہاں ہوٹلز اور گھر تعمیر کیے جاتےہیں، کسی شخص نے بالکل صحیح کہا ہے کہ قدرت نے اپنی گزرگاہوں کو انسانوں سے واگزار کروالیاہے، خلیجی ممالک سے امداد آنا شروع ہوگئی ہے دیگر ممالک بھی امداد بھیجیں گے، جلد حالات بہترہوجائیں گے انشااللہ۔