
عام لوگ اتحاد کے رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین نے کہا ہے کہ ملک ریاض کی آصف زرداری کی کال میں بظاہر لگتا ہے کہ مبینہ گفتگو تحریک عدم اعتماد سے متعلق تھی کیونکہ موجودہ حالات میں وہی ایک امر ہے جو تحریک جمع کرانے کے بعد تقریبآً ناممکن ہوگیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا مجھے آڈیو نیچرل نہیں معلوم ہوئی۔ بات چیت حال احوال کے بغیر شروع ہوئی۔ مستقل کھانسی کے باوجود ملک ریاض نے ایک مرتبہ بھی زرداری کی طبیعت سے متعلق سوال نہیں کیا۔ زرداری نے صرف ایک جملہ کہا، لیکن اتنی کھانسی کے باوجود جملے اور کھانسی میں کوئی تسلسل نہیں۔
جسٹس وجیہ نے مزید کہا کہ یہ آڈیو کس نے لیک کی اور اس موقع پر اسے جاری کرنے کے کیا مقاصد تھے، ان سوالات کا جواب آئندہ کی سیاسی سرگرمیوں سے مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بھی بہاولپور جلسے میں عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ نواز شریف کو بھی مختلف ذرائع سے تحریک عدم اعتماد روکنے کے پیغامات بھجواتے تھے۔ اگر ان باتوں میں کوئی صداقت ہے بھی تو سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہے۔