
عمان کے دارالحکومت مسقط میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط کی وادی کبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب میں گزشتہ روز دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں حملہ آوروں نے ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 6 شہریوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔ واقعے میں سکیورٹی فورسز نے مسجد پر حملہ آور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمانی حکام کی طرف سے دہشت گردی کے واقعے میں 4 پاکستانی شہریوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ مسقط کے مختلف ہسپتالوں میں زخمی ہونے والے پاکستان شہریوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ عمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے مسقط کے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج پاکستانی زخمیوں کی عیادت کی ہے۔
عمران علی کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت بھی ہسپتالوں کی انتظامیہ اور عمانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور پاکستانی سفارتخانے میں زخمی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو رہنمائی دینے کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی قائم کر دی ہے۔ دہشت گردی کے واقعے میں اب تک 4 پاکستانی شہریوں کے شہید ہونے اور 20 پاکستانی شہریوں کے ہسپتالوں میں زیرعلاج ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ معمولی زخمیوں کو ڈسچارج کر دیا گیا۔
پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری بیان میں شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت جاری کر دی گئی ہے، مسجد پر حملے میں شہید ہونے والے 4 پاکستانی شہریوں میں سلیمان نواز، سید قیصر عباس، حسن عباس اور غلام عباس شامل ہیں۔ عمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے خلیجی میڈیا سےگفتگو میں بتایا کہ واقعے میں 50 کے قریب پاکستانی شہری زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ مسلح افراد کی طرف سے گزشتہ روز مسقط کی وادی کبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب میں موجود بچوں اور خواتین سمیت دیگر نمازیوں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا، یرغمال ہونے والے کو عمانی پولیس نے رہا کرا لیا تھا۔ عمانی سکیورٹی فورسز کے مطابق 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 1 پولیس اہلکار سمیت 6 شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10masqaatatckjsjs.png