
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پوری قوم عمران خان کے بیانیے سے جڑ گئی ہے، خان کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرانا ہماری پارٹی کا حق ہے اور اس کے اندراج کی راہ میں کوئی رکاوٹ بھی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ ایک قاتلانہ حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی ایف آئی آر مدعی کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔
شاہ محمود نے کہا کہ اگر ایف آئی آر ہماری مرضی کے مطابق نہیں کٹتی تو پھر قانونی آپشنز بھی موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ گزشتہ روز بھی عمران خان نے قوم کے سامنے اپنے جذبات رکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان کو سیاسی طور پر ہٹانے کی کوشش کی گئی جب اس میں ناکامی ہوئی تو پھر اس کے وجود کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت پنجاب کو بخوبی پتا ہے کہ انہیں اب کیا کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تحریک انصاف کے زبیر نیازی نے متعلقہ تھانے میں مقدمے کے اندراج کی کوشش کی مگر ایف آئی آر ابھی درج نہیں ہوئی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کی جانے والی بیان بازی نمک پاشی کے مترادف ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین اور ہمارے لیڈر پر جب حملہ ہوا تو لوگوں کو غصہ ہے اس کا ظاہر ہے ردعمل تو ہوگا۔ ہمارا پُرامن احتجاج جاری رہے گا پارٹی ابھی بھی کارکنوں کو پُرامن احتجاج کا ہی کہے گی، کوئی توڑ پھوڑ نہ کرے۔