سابق رکن قومی اسمبلی صمصام بخاری نے 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کے حوالے سے سامنے آنے والی آڈیو لیک کو من گھڑت قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صمصام بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جو آڈیو لیک ہوئی وہ نا صرف من گھڑت ہے بلکہ 3 مختلف مقامات پر کی گئی گفتگو کو جوڑ کر بنائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد اس آڈیو لیک کے حوالےسے حقائق وعوام کے سامنے رکھوں گا۔
خیال رہے کہ آج وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی ایک آڈیو لیک چلائی تھی، آڈیو لیک میں صمصام بخاری مبینہ طور پر 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کی تفصیلات کسی کو بتارہے تھے۔
آڈیو میں صمصام بخاری کہتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری کے تین روز قبل کور کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں سب اہم رہنما شریک ہوئے، اس میں فیصلہ ہوا کہ جو احتجاج کرنا ہے وہ فوج کے خلاف کرنا ہے، میری خوش قسمتی ہے کہ میں اس موقع پر موجود نہیں تھا۔
عمران خان کی گرفتار ی کے بعد انہوں نے کور کمانڈر ہاؤس کی طرف جانے کی تیاری کی، شفقت محمود سمجھدار آدمی تھا اس نے انہیں سمجھایا کہ ایسے نا کریں پارٹی ختم ہوجائے گی، مگر یہ لوگ نا مانے اور انہوں نے کہا کہ صاحب کا حکم ہے ۔