نجی چینل لاہور رنگ سے منسلک خاتون رپورٹر مائرہ ہاشمی نے لائیو بیپر کے دوران مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے والے لڑکے کو تھپڑ جڑ دیا۔ واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر ملاجلا ردعمل سامنے آیا تاہم اس معاملے پر اب خود خاتون صحافی کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے وضاحتی پیغام میں مائرہ ہاشمی نے کہا کہ جس وقت وہ ایونٹ کی جگہ پر موجود تھیں تو یہ لڑکا ایک فیملی کو مسلسل تنگ کیے جا رہا تھا جن کے متعدد بار منع کرنے پر بھی یہ باز نہیں آ رہا تھا۔
مائرہ ہاشمی نے اپنے جاری کردہ ٹوئٹ میں کہا کہ یہ لڑکا انٹرویو کے دوران فیملی کو تنگ کر رہا تھا جس کی وجہ سے فیملی پریشان ہوگئی تھی، میں نے پہلے پیار سے سمجھایا کہ ایسا نہیں کرو مگر سمجھانے کے باوجود یہ لڑکا نہیں سمجھا اور زیادہ ہُلڑ بازی کر رہا تھا جس کے بعد مجھے زیب نہیں دیا کہ اسے اور موقع دے کر برداشت کیا جائے؟