
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کی جانب سے فنڈز موصول ہوگئے ہیں، پیسے ملنے سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں آئی ایم ایف سے پیسے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے 1 ارب20 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں ، اس رقم کے موصول ہونے کے بعداسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ہفتے آئی ایم ایف سے فنڈز موصول ہونے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے بھی فنڈز موصول ہوئے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات نے 1 ارب ڈالر دیئے ہیں، مجموعی طور پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ 1اعشاریہ 2 بلین ڈالراسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئے ہیں، باقی کے 1 اعشاریہ8 بلین ڈالر 9 ماہ میں منتقل ہوں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shaubbaahah.jpg