فنڈز وصولی، امریکہ میں تحریک انصاف نے نئی کمپنی رجسٹر کروا لی

pti-imran-khan-on.jpg


ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس امریکہ میں کمپنی کی دستاویزات رواں ماہ 8 دسمبر کو جمع کروائی ہیں: ہم نیوز

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے امریکہ میں لابنگ اور فنڈز اکٹھے کرنےکے لیے نئی کمپنی رجسٹر کروا لی گئی ہے جس کی دستاویزات بھی سامنے آگئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی انویسٹی گیشن رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں چند دن پہلے ہی امریکہ میں تحریک انصاف کی بہتری، لابنگ اور فنڈز اکٹھے کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے نئی کمپنی رجسٹر کروائی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انویسٹی گیشن یونٹ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق مذکورہ کمپنی نئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف گوہر علی خان کے عہدہ سنبھالنے کے چند دنوں بعد قائم کی گئی تھی۔ بیرسٹر گوہر علی خان کو مذکورہ کمپنی کا فارن پرنسپل ظاہر کیا گیا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے چیئرمین پی ٹی آئی کے علم میں ایسی کوئی کمپنی ہے ہی نہیں۔

دستاویزات کے مطابق مذکورہ کمپنی کا امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں رجسٹریشن نمبر 7351 ہے جسے تحریک انصاف شکاگو چیپٹر کی طرف سے 2 امریکی شہریوں کی طرف سے رجسٹر کروایا گیا ہے ۔ مذکورہ کمپنی کے ڈائریکٹرز امریکی شہری صغیر بختیاری اور راجہ یعقوب ہیں جنہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں کمپنی کی دستاویزات رواں ماہ 8 دسمبر کو جمع کروائی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق کمپنی کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کی بہتری، لابنگ، جمہوریت کی بہتری کے علاوہ پاکستانیوں اور امریکیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔ کمپنی کے کاغذات فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ (فارا) کے تحت رواں ماہ 8 دسمبر کو جمع کروائے گئے تھے اور فارن پرنسپل (بیرسٹر گوہر علی خان) کے ساتھ 2دسمبر کو معاہدے کا بتایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے نئے چیئرمین گوہر علی خان کی طرف سے انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا گیا ہے کہ ان کو اس کمپنی قائم ہونے بارے کوئی علم نہیں ہے۔ گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف امریکہ سے معلومات لینے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ کمپنی رجسٹرڈ کروانا غیرقانونی عمل نہیں ہے لیکن اس کمپنی کے متعلق تمام معلومات لینے کے بعد ہی میڈیا کو اس بارے میں بتائیں گے۔