سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کو یہ غلط فہمی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو دو تہائی اکثریت ملے گی، آئندہ انتخابات میں مخلوط حکومت بنے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان نے الیکشن کا ہمارا مطالبہ نہیں مانا تو ہم کیسے مان لیں، عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، وہ جانتے ہیں کہ اگر وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دوصوبوں میں ہی الیکشن ہوں گے، ہم نے چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10 دس سال قید بھگتی ہے، ان کے بڑے بڑے کیسز ہیں ، اسی لیے یہ خوفزدہ ہیں اور فوری انتخابات چاہتے ہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی نے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک ایف آئی آر درج نا کروانے والا وزیراعلی اسمبلی کیا توڑے گا؟ان کی باری آئی ہے تو یہ چاہتے ہیں فوری طورپر انتخابات ہوجائیں تاکہ ان کی کوئی بات باہر نا نکلے،عمران خان کا جھوٹا بیانیہ ایکسپوز ہوگیا ہے۔