
وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اس بار اسلام آباد ہیلی کاپٹر سے آجائے تو آجائے، ورنہ روڈ پر جلوس نکال کر آنے پر ہم اسے اٹک کا پُل پار نہیں کرنے دیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی چینل جیو کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے کہا کہ عمران خان چیف جسٹس، اداروں اور حکومت کو دھمکی دے رہا ہے، وہ دھونس اور بلیک میلنگ سے ہمیں اپنی شرائط پر لانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکی، گفتگو اور بلیک میلنگ کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے۔ تحریک انصاف والے لانگ مارچ میں پوری تیاری سے اور خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی فورس لے کر آئے تھے۔
https://twitter.com/x/status/1530254305260871680
وزیر داخلہ نے مزید کہا اگر ہم انہیں نہ روکتے تو یہ لوگوں کے گھروں میں گھستے، یہ پُرامن رہنے کا معاہدہ بھی کریں تو گارنٹی کون دے گا؟
یاد رہے کہ عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا تاہم 26 مئی کو اسلام آباد پہنچ کر انہوں نے حکومت کو الیکشن کا اعلان کرنے کیلئے 6 دن کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو وہ دوبارہ 20 لاکھ عوام کے ساتھ اسلام آباد آئیں گے۔