
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور عمران خان کے وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ توہین عدالت کیس کی پہلی پیشی کے موقع پر فواد چودھری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر بڑا جارحانہ حملہ کیا ان کی کوشش تھی عمران خان پر فرد جرم لگے اور وہ نااہل ہو جائیں۔
حامد خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا فواد چودھری بھیجے گئے ہیں انہوں نے یہ جارحانہ حملہ اس لیے کیا تاکہ عمران خان کو سزا ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے فواد چودھری کا بیان پیش کرنے کی کوشش کی جس میں وہ انتہائی جارحانہ انداز میں بولے ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا اس طرح کے بیان دے کر کوشش کی گئی ہے کہ فردجرم لگ جائے اگر ہو سکے تو کوئی سزا بھی مل جائے جس کی وجہ سے عمران خان نااہل ہو جائیں۔ یہ اندر سے جولوگ کام کر رہے ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو بھیجے گئے ہیں۔
حامد خان نے کہا کہ بھیجے گئے لوگوں کی کوشش رہی تھی کہ اس کیس کو کسی نہ کسی طرح سبوتاژ کیا جائے۔ انہوں نے عمران خان کے بیان کی تائید کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میرے اردگرد کے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے جہانگیر ترین اور علیم خان سے متعلق کہا کہ ان دونوں نے عمران خان کی پیٹھ میں چُھرا گھونپا ہے۔ عمران خان کو پہلے ہی کہا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان پارٹی ہائی جیک کرنے آئے تھے۔
رہنما پی ٹی آئی حامد خان نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار سے بےدخلی میں جہانگیر ترین اور علیم خان کا بڑا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا ان دونوں کی پارٹی میں شمولیت اور فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس پر ہی عمران خان سے دوری ہوئی تھی۔
حامد خان نے یہ بھی بتایا کہ جہانگیر ترین، علیم خان اور قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے میں میرا مؤقف درست تھا، صورت حال واضح ہونے پر عمران خان نے شاہ محمود کو میرے پاس بھیجا کہ سفر وہیں سے شروع کرتے ہیں جہاں سے چھوٹا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5hamdkhanfawadchaudhry.jpg