
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِاعظم پاکستان عمران خان پر لگنے والے الزامات سے آگاہ ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نیڈ پرائس نے یہ بات جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ براہِ راست امریکا سے متعلق نہیں ہے، یہ پاکستان کے قانونی اور عدالتی نظام کا معاملہ ہے۔
نیڈ پرائس کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کے دوسری جماعت کے مقابل آنے پر امریکا کوئی مؤقف نہیں رکھتا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کو پرُامن طریقے سے قائم رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین شہباز گل کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں ایک ریلی کے دوران دیے گئے متنازعہ ریمارکس پر دہشت گردی کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔شہباز گل کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی نے الزام لگایا ہے کہ شہباز گل کو حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاہم اسلام آباد پولیس نے ایسے الزامات کی تردید کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج کے خلاف ریمارکس پر پی ٹی آئی چیئرمین کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔