
شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی جوڑی حرا اور مانی نے کہا ہے کہ ماضی میں اپنے بچوں کے ساتھ تحریک انصاف کے دھرنوں میں شریک رہے ہیں مگر اب ہم نے پاک سرزمین پارٹی جوائن کرلی ہے۔
جیو نیوز کے پاکستان سپر لیگ کی خصوصی نشریات"جشن کرکٹ" میں شریک شوبز انڈسٹری کی مشہور جوڑی حرا اور مانی نے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے اپنی شوبز کی سرگرمیوں کے علاوہ دیگر شعبوں سے متعلق بھی کھل کر گفتگو کی۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے مانی نے کہا کہ آصف علی زرداری نواز شریف سے بڑے کرپٹ سیاستدان ہیں، عمران خان کی کارکردگی کے باعث لوگوں کو اب نواز شریف بہتر حکمران نظر آنے لگے ہیں، حال ہی میں ہم پنجاب گئے تو ہمیں معلوم ہوا کہ وہاں کے لوگ اب دوبارہ نواز شریف کو ہی ووٹ دیں گے۔
اداکار مانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مسائل حل نہیں کرسکتی، 5 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ تحریک انصاف مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے، اس کا ایک مثال کراچی میں تحریک انصاف کی 2 نشستوں پر بدترین شکست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے دھرنوں میں بھی شرکت کی مگر اب ہم نے مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی کو جوائن کرلیا ہے، کراچی کے حالات جلد بدلنے والے ہیں اور پی ایس پی کا وقت آنے والا ہے۔
مانی کی اہلیہ اور مشہور اداکارہ حرا نے بھی سیاسی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کے منہ کھلے رہ گئے ہیں، عمران خان کو اب لوگوں کو گھبرانے کی اجازت دے دینی چاہیے، میرے شوہر نے مصطفیٰ کمال کی پارٹی جوائن کرلی ہے تاہم وہ عملی طور پر سیاست میں داخل نہیں ہوئے، میں خود بھی پی ایس پی کی حمایت کرتی ہوں۔