وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مہربانی سے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہترہوئے، انہوں نے اداروں سے ایسا رویہ رکھا کہ ان کو ہم بہترلگنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے کہا کہ عمران خان کا رویہ ایسا تھا، کسی کو ساتھ نہیں رکھ سکتا، سب ناراض ہوئے، انہوں نے اداروں سے ایسا رویہ رکھا کہ ان کو ہم بہترلگنے لگے۔
انہوں نے سے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی بہتری کا سہراعمران خان کے سر سجاتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاملات ڈان لیکس اور مشرف کیس سے خراب ہوئے تاہم عمران خان کی مہربانی سے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہترہوئے ، میاں صاحب نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا، چلیں اچھا تجربہ ہوگیا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے حکومتی لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی اداروں سے ٹکراؤ کی بات نہیں کی اور نہ کرنا چاہتے ہیں، شہبازشریف کا جوطریقہ کاراور مزاج ہے اس سے تعلقات خراب نہیں ہوں گے، پیپلزپارٹی سمجھتی ہے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو اور ہم سندھ میں کریں۔
رانا تنویر نے کہا کہ آصف زرداری کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے تھے عمران خان خود اپنے بوجھ تلے دب جائے گا ایسا ہی ہوا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ فارن فنڈنگ کیس پر عمران خان کے دل میں چور ہےاوریہ جانتے ہیں کہ بچ نہیں سکتے۔
یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پر طنز کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا معاملہ عدالت میں ہے گیلانی صاحب فیصلہ عدالت سے آئے گا، پہلے بھی گیلانی صاحب کو ووٹ دیا جب دھاندلی کرکے اپوزیشن لیڈر بنے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے رانا تنویر نے قبل از وقت انتخابات کا امکان خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، عمران خان کی طرف سے فوری انتخابات کا مطالبہ ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کے مترادف ہے۔