
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تقریر سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ گھر جانے والے ہیں، انہیں تحریک عدم اعتماد والے دن پارلیمنٹ جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی آرٹیکل63 میں پارلیمنٹ جانے والے کو نااہل کرنے کا نہیں لکھا، ارکان اپنا اختیار استعمال کرلیں اس کے بعد ان کیخلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔
لیگی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ نمبرگیم ہماری تحریک عدم اعتماد جمع کرانے سے پہلے ہی پوری تھی، ہماری جماعت میدان میں ڈٹ کر کھڑی ہے اور اپوزیشن کے ساتھ عدم اعتماد کامیاب بنائے گی، پارلیمانی پارٹی نے بھی قومی اسمبلی اجلاس فوری بلانے کا کہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے84ارکان شریک ہوئے اور پارلیمانی پارٹی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کومکمل فیصلے کا اختیار دے دیا ہے۔ عشایے میں ہمارے لوگ تو پورے تھے، عمران خان اپنے 12 لوگوں پر نظر رکھیں اور اپنی فکر کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس عدم اعتماد کوصرف پاکستان کےعوام چلا رہے ہیں، عوام کی مرضی اور ترجمانی پر تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی نے تحریک عدم اعتماد کو باضابطہ قرار دینے کے بعد 22 مارچ سے پہلے اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی ہے۔