
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سابق رہنما مولانا گل نصیب خان نے مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت سے متعلق ہوش ربا انکشافات کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں سینئر صحافی کاشف عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مولانا گل نصیب خان نے انکشاف کیا کہ پشاور میں ہمارے صوبائی دفتر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مدرسے کی مسجد لیبیا کے ایک ادارے کے تعاون سے بنے ہیں، یہ پارٹی فنڈنگ میں ملنے والی رقم تھی۔
عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے سے متعلق مولانا فضل رحمان کے بیان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا گل نصیب نے کہا کہ ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ کسی ایک شخص کے بارے میں اتنا پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ اس کی تمام تر خوبیاں بھی نظر انداز کردی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف میں شروع دن سے عمران خان اور پی ٹی آئی پرتنقید کے معاملے پر 2 رائے تھی، ہم سمجھتے تھے کہ عمران خان یا ان کی پارٹی کے خلاف دلیل کے بغیر بات نہیں ہونی چاہیے، عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنا ہماری پالیسی نہیں تھی، یہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی ذاتی رائےہوسکتی ہے اور ان کا یہ بیان سیاسی تھا۔
جے یو آئی ف کے سابق رہنما نے کہا کہ ایسے بہت سے واقعات ہیں جن سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مولانا فضل الرحمان کے پیچھے کھڑی ہے، 2008 ، 2013اور 2018 کو یہ گارنٹی دی گئی تھی کہ صوبائی حکومت ان کو دی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14gulnaseeb.jpg