
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مری میں لوگ برف سے نہیں بلکہ اس حکومت کی نااہلی و بے حسی سے مرے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ن لیگ مریم نواز لاہور میں لیگی رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کی عیادت کیلئے ان کے گھر تشریف لے کر گئیں، عیادت کے بعد انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلال یاسین کے ساتھ میں نے اپنے والد اور والدہ کی انتخابی مہم کے دوران کام کیا ہے، بلال یاسین نے نواز شریف کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیا اور لوگوں کیلئے ایک مثال قائم کی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بلال یاسین پر حملے سے متعلق اب کوئی بھی بات مخفی نہیں رہ سکے گی، یہ پارٹی کیلئے دن رات ایک کردینےوالے ورکر ہیں، نواز شریف کے ساتھ وفاداری نبھانے والے لوگ بہت کم ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے حکومت پر بھی تنقید کے نشتر برسائے اور کہا کہ مری میں لوگ برف سے نہیں بلکہ اس حکومت کی نااہلی و بے حسی سے مرے ہیں، مری میں خاندان مررہے تھے اور حکمران بنی گالہ و وزیراعلی ہاؤس میں ہیٹر جلاکر سورہے تھے، لوگ 36 گھنٹوں تک مدد کیلئے دہائیاں دیتے رہے مگر کوئی بھی ان کی مدد کو نہیں پہنچا، عوام سچ اور جھوٹ سے بخوبی واقف ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے میں سمجھتی تھی کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے مگر حکومت کی نااہلی سے عوام عذاب میں مبتلا ہیں اس لیے اب میں کہتی ہوں کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ استعمال کرنا پڑا تو کریں گے، ووٹ کو عزت دو کسی سیاسی جماعت کا نہیں عوام کا بیانیہ بن چکا ہےاب تو سیاسی جماعت کو عوام کے کہنے پر چلنا ہوگا۔
اس سے قبل مریم نواز شریف نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جماعت انکے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے،جھوٹے،سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے، یہی اللّہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے۔ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا اور نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔یہ ابھی صرف شروعات ہے۔
https://twitter.com/x/status/1481624662824165381
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3marayamkhan.jpg