
سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ عمران خان کو بہت پہلے ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدینا چاہیے تھا، انہوں نےایک ہاری ہوئی جنگ جیتنے کی کوشش کی۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نےکہا کہ استعفیٰ دیدینا بھی ایک طرح سے احتجاج ہوتا ہے، مگر بدقسمتی سے عمران خان نے یہ گریس نہیں دکھائی۔
مظہر عباس نےمیزبان کی جانب سے عمران خان کو اپوزیشن کے رول میں کردار ادا کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی یہ قبل از وقت گفتگو ہوگی، ابھی اسمبلی میں عدم اعتماد کامیاب ہونی ہے، پھر اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا پراسس آئے گا اور اس کے بعد نئے وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
سینئر تجزیہ کار نےکہا کہ ابھی سے عمران خان کو اپوزیشن کے روپ میں دیکھنا شروع کردینا قبل از وقت ہوگا۔
پروگرام کے میزبان کامران شاہد نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد میں کامیاب ہوچکی تھی کیونکہ جس روز ووٹنگ ہونی تھی اس روز اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے تھے، جس میں حکومتی اتحادی جماعتیں اور دیگر ارکان شامل تھے۔
کامران شاہد نے کہا کہ اگر عمران خان کے پاس اکثریت ہوتی تو آپ بھول جائیں کہ وہ تب اسمبلی توڑتے، ان کے پاس اکثریت نہیں تھی تو انہوں نے اسمبلی توڑی ہے۔