
سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے فیصلے بعد ضمنی انتخابات سے متعلق قانونی رائے طلب کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے فیصلے کے بعد علاقائی الیکشن کمشنر (کرم) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ضمنی انتخابات میں ان کے حصہ لینے سے متعلق قانونی رائے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔
علاقائی الیکشن کمشنر (کرم) نے الیکشن کمیشن کو خط میں لکھا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 21 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ دے دیا ہے، یہ بتایا جائے کہ وہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے ضمنی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں نہیں؟
https://twitter.com/x/status/1583761710342877184
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانونی نقطے سے آگاہ کرنے کے لیے مشاورت کے بعد بتانے کا فیصلہ کیا ہے اور قانونی ماہرین کی ٹیم کو مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لیا۔
اجلاس پیر کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہو گا جہاں الیکشن کمیشن کی قانونی وآئینی ٹیم علاقائی الیکشن کمشنر (کرم) کے سوالات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہی دے گی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے حلقے این اے 45 میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث الیکشن ملتوی کر دیئے تھے اور 30 اکتوبر کو پولنگ کروانے کا اعلان کیا تھا۔
این اے 45 میں سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مقابلہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کی طرف سے امیدوار جمیل خان کے ساتھ ہے جبکہ 2018ء کے عام انتخابات میں اس حلقے سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے امیدوار حاجی منیر خان اورکزئی فاتح ٹھہرے تھے لیکن ان کی وفات کے بعد فروری 2021ء میں ہوئے ضمنی انتخابات میں جے یو آئی ف کے امیدوار جمیل خان چمکنی کو پی ٹی آئی امیدوار فخر زمان نے شکست دے دی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6ikkurrambyelection.jpg