
اسلام آباد پولیس نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی آئی قیادت کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا۔عمران خان نے ریلی نکالی اور حکومت کےخلاف نعرے بازی کی، سڑک کو بند کر کے لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا، ایف آئی آر کی کاپی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں احتجاج اور ریلی پر پابندی کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ریلی نکالنے پر متعدد سینئر پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جن رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ان میں، مراد سعید، فیصل جاوید خان، اسد عمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان، فیصل واوڈا، شہزاد وسیم، صداقت علی عباسی، شبلی فراز، فواد چوہدری، سیف اللہ خان نیازی، شہریار آفریدی، فیاض الحسن چوہان، فردوس شمیم نقوی، اسد قیصر، ظہیر عباس کھوکھر، میجر غلام سرور اور شیخ رشید کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق اسلام آباد میں احتجاج اور ریلی پر پابندی کے باوجود سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ایما پر پی ٹی آئی رہنمائوں سمیت 1000 سے 1200 افراد زیروپوائنٹ پر پر آکر جمع ہو گئے اور نعرے بازی کرتے رہے، انہوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور شہباز گل کو رہا کرو کے نعرے لگا رہے تھے جبکہ عام شہریوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، آنے جانے سے روکا جس سے شہریوں کو روزمرہ کے کاروبار میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
شرکاء جلوس/ ریلی کو بذریعہ میگافون آگاہ بھی کیا گیا کہ اسلام آباد میں احتجاج اور ریلی پر پابندی ہے اور دفعہ 144 ض ف نافذ ہے لہٰذا آپ منتشر ہو جائیں لیکن شرکاء ریلی نے ایسا نہ کیا اور لائوڈسپیکر کا بے جا استعمال کرتے ہوئے نعرے بازی جاری رکھی اور ایف 9 پارک کی جانب روانہ ہو گئے۔ جلوس / ریلی نکال کر دفعہ 144 ض ف کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور جرائم 341/188/186/506/109 ت پ، 2/3 ایمپلی فائر ایکٹ کا ارتکاب کیا گیا ہے جس پر ابتدائی رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7imrnkhanaolaurmuqadama.jpg