
سیاسی پیش گوئی اور خوابوں کے حوالے سے مشہور پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے عمران خان اور شیخ رشید کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے اپنی تازہ ترین سیاسی پیشگوئی میں دعویٰ کیا ہے کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ عمران خان اور شیخ رشید کو اڈیالہ اور خیرپورجیل میں ڈالا جائے گا تاہم اب میں کہتا ہوں کہ یہ دونوں مچھ جیل جائیں گے۔
انہوں نے کہا شیخ رشید ایک غریب آدمی ہے اسے کون مارنا چاہے گا، موجودہ حکومت کسی کو بھی مارنے کا ارادہ بھی نہیں رکھتی، عام انتخابات فروری 2023 کے پہلے ہفتے میں ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
منظور وسان نے کہا کہ دھرنے بس دھرنے ہوتے ہیں ان سے حکومتیں نہیں جاتیں،عمران خان کو عوام نے غلط پالیسیوں کی وجہ سے رد کیا ہے، موجودہ حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے اور گھی کی قیمتوں میں کمی لائی ہے۔
واضح رہے کہ مسجد نبویﷺ میں ن لیگی رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کے حوالے سے پنجاب کے مختلف شہروں میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، سعودی عرب سے واپس آنے والے شیخ رشید کے بھتیجے کو بھی اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرکے فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے۔