پشاور ہائی کورٹ میں طالبان کی بحالی میں مدد کرنےپر عمران خان اور فیض حمید کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کور ٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے خلاف ایک درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان اور جنرل فیض حمیدنے طالبان کی دوبارہ بحالی میں مدد کی، اس حوالے سے ایک کمیشن تشکیل دے کر تحقیقات کروائی جائیں۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے کچھ ایسے معاہدے کیے جس سے طالبان کو دوبارہ بحالی میں مدد ملی لہذا ان معاہدوں کی تحقیقات کروائی جائیں اور ان معاہدوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر جسٹس عبدالشکور نے استفسار کیا کہ کیا عدالت ایسے معاملات میں مداخلت کرسکتی ہے؟ کیا پہلے ایسا کبھی ہوا ہے کہ عدالت نے کسی کمیشن کے بنانے کا حکم دیا ہو، یہ اختیار تو وفاقی حکومت کا ہے، حکومت کے کہنے پر ہی کمیشن بن سکتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ آپ اس معاملے کو دیکھیں اور عدالت کی رہنمائی کریں، آپ حکومت سے پہلے رابطہ کریں، ایمل ولی خان کون ہے اور کیا کام کرتا ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا ک ایمل ولی خان ایک سیاسی جماعت کے صوبائی صدر ہیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت چائے کے وقفہ تک ملتوی کردی ہے۔