
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو بڑی شکست کا سامنا، معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے پی ٹی آئی کی شکست کی وجوہات بتادیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'خبر ہے' میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اپنے صوبے میں اس لئے ہاری ہےکیونکہ پارٹی کے ایم این اے اور ایم پی اے بک چکے ہیں۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات پہلے ہی بتا چکے تھے کہ تحریک انصاف کو نہ مسلم لیگ ن سے خطرہ ہے اور نہ ہی پیپلز پارٹی سے بلکہ پی ٹی آئی کو خود اپنے پارٹی رہنماؤں سے نقصان اٹھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی الزام اگر ن لیگ لگائے یا پھر پیپلز پارٹی لگائے تو سمجھ بھی آتا ہے لیکن آج خود تحریک انصاف یہ کہہ رہی ہے کہ ہم الیکشن میں اس لئے ہارے کہ ہمارے ایم پی اے اور ایم این اے چند ٹکڑوں کے لئے بک گئے ہیں۔
سینئر صحافی نے مزید تبصرہ کیا کہ جب ایک پارٹی کے لوگ چند ٹکڑوں کے لئے بک جائیں وہ کیا تبدیلی لے کر آئے گی، پی ٹی آئی کو خطرہ اپوزیشن سے نہیں بلکہ اپنی مہنگائی ، خراب گورننس اور لوٹ مار سے ہے، وہی نتائج ہوئے کہ پارٹی تقسیم در تقسیم ہوتی گئی، جب لیڈر شپ کا فقدان ہو اور آپ نے ڈمی لوگوں کو لیڈر شپ میں آگے لگایا ہو جیسا کہ پنجاب میں ہے ، جب آپ ایسے لوگوں کو آگے کریں گے جن کی گرفت کزور ہو اور جن کی فیملی پر مبینہ الزامات ہوں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
عارف حمید بھٹی نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے مطابق اب وزیراعظم عمران خان صاحب پنجاب میں الیکشن نہیں کروائیں گے، اگر سپریم کورٹ نے دباؤ ڈالا تو وہ الگ بات ہے لیکن اس کے علاوہ پنجاب میں الیکشن نہیں ہو گے، کیونکہ انہوں نے اجلاس بلا لیا ہے کہ کے پی انتخابات کا یہ نتیجہ نکلا ہے، اس کا مطلب کہ انہیں اپوزیشن نے نہیں ان کے نعرے نے ہرایا ہے کہ ہم آکر بہتری اور اصلاحات لائیں گے، کیونکہ نہ تو یہ بہتری لا سکے نہ اصلاحات، نہ آپ کرپشن کا خاتمہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے مالم جبہ اور بی آر ٹی کیسز تو بند کروا دیئے لیکن عوام نے ایک پرچی کے ذریعے آپ کو بتا دیا کہ ہم بڑے بڑے برج ایک پرچی کے ذریعے زمین بوس کر سکتے ہیں۔