
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل اپنی جماعت کے منحرف رہنما علیم خان کے الزامات پر پھٹ پڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چھوڑنےوالے علیم خان کی جانب سے عمران خان پر کرپشن سے متعلق الزامات عائد کیے گئے تھے جس کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے علیم خان کے کرپشن کی کہانیاں بیان کردی ہیں۔
ڈاکٹرشہباز گل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ علیم خان نے پی ٹی آئی کا بہت ساتھ دیا ہے،مگر یہ بھی سچ ہے کہ انہیں زبردستی کوئی تحریک انصاف میں نہیں لایا تھا علیم خان کا غم و غصہ دیکھ کر بہت دکھ پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علیم خان یہ الزامات تب لگاتے جب وہ ہمارے ساتھ تھے ، عمران خان کی طرف سے علیم خان کو بس یہی جواب دیتا ہوں کہ انہوں نے وزیراعظم کا ساتھ دینے کیلئے کوئی شرائط نہیں رکھی تھیں، کئی ایسے مواقع آئے جب علیم خان کے کاروبار اور تحریک انصاف کے منشورمیں ٹکراؤ دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ علیم خان پر غیر قانونی اراضی کو اپنے نام پر واگزار کروانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے، صحافی شفاء یوسفزئی نے اس اسکینڈل کے حوالے سے تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پارک ویو سوسائٹی کے صرف 579 پلاٹس کی فروخت کی منظوری دی گئی تھی مگر علیم خان نے اس منصوبے میں 100 گنا زیادہ قیمت پرفروخت کرکے اربوں روپے کا
منافع کمایا۔
واضح رہے کہ علیم خان نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی ایم آفس میں پیسے دیئے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا، پنجاب میں کسی شہر کا ڈی سی لگانے کیلئے بھی 3، 3 کروڑ روپے کی رشوت لی جاتی ہے۔
علیم خان نے الزام عائد کیا کہ فرح بی بی نے ہر ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں بہت پیسے لیے، میرے پاس آپ کے میسجز بطور ثبوت موجود ہیں، میں نے عثمان بزدار کی ایک ایک کرپشن آپ کے سامنے رکھی، اب میں یہ کرپشن کی کہانیاں عوام کے سامنے رکھوں گا۔