اسلام آباد (آئی این پی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے عالمی کانفرنس بلائیں گے جس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے میرا موقف رہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس کوئی حل تسلیم نہیں کریں گے۔ وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سپروائزر اور سید علی گیلانی گروپ کے وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ ملاقات میں
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کانفرنس کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ کشمیر کانفرنس میں سفارتکاروں سیاسی جماعتوں اور مقبوضہ کشمیر کے رہنمائوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے بہت سی تجاویز دی گئیں۔ میرا موقف ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس کوئی حل تسلیم نہیں کیا جائے گا۔