
وزیراعظم شہباز شریف آنجہانی برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لندن روانہ ہو گئے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن روانہ ہوئے ہیں۔ ان کا طیارہ نور خان ایئر بیس سے روانہ ہوا، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف لندن میں قیام کے دوران (ن) لیگ کے قائد نواز شریف سے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی اہم ملاقات کریں گے، 19 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔
برطانوی ملکہ کی آخری رسومات میں شمولیت کے بعد اسی دن شہبازشریف نیویارک روانہ ہو جائیں گے۔ جہاں وہ ممکنہ طور پر 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اس دوران دیگر ممالک کی اہم حکومتی شخصیات سے بھی سائیڈ لائن ملاقاتیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب آج وزیراعظم شہبازشریف نے میانوالی اور ٹانک کا بھی دورہ کرنا تھا تاہم وہ موسم کی خرابی کے باعث وہاں نہیں جا سکے۔ وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کی وجہ سے میانوالی سے واپس چلا گیا۔
شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے سلسلے میں پہلے میانوالی اور پھر ٹانک جانا تھا جہاں انہیں ٹانک میں تعمیر شدہ 100 گھروں کا افتتاح کرنا تھا۔