
شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی ٹی وی میں خبر چلنے کے فورا بعد اسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خبررساں ادارے اے آروائی نیوز پر ایک خبر نے سندھ کے حلقو ں میں کھلبلی مچادی ہے ، خبر مشہور شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سے متعلق تھی جو گزشتہ آٹھ ماہ سے نجی اسپتال کے ایک کمرے میں مقیم تھے۔
رپورٹ کے مطابق جیسے ہی یہ خبر ٹی وی چینل پر نشر ہوئی اس کے کچھ ہی دیر بعد شاہ رخ جتوئی کو اسپتال سے ڈسچارج کرکے فرار کروادیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ایک خط کو حوالہ بھی دیا گیا جو محکمہ صحت سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ اور وزارت داخلہ سندھ کو ارسال کیا گیا تھا جس میں شاہ رخ جتوئی کے اسپتال میں مقیم ہونے سے متعلق تفصیلات درج تھیں، خط میں بتایا گیا کہ شاہ رخ جتوئی نجی اسپتال کی پہلی منزل کے کمرہ نمبر 4 میں مقیم ہیں اور کمرے کے باہر جیل پولیس کے 2 اہلکار بھی تعینات ہیں۔
خبررساں ادارے کی جانب سے جب اس معاملے پر سینٹرل جیل کے حکام سے رابطہ کرکے موقف جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے اس سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا جبکہ آئی جی اور جیل سپرنٹنڈنٹ نے اپنے موبائل فونز ہی بند کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ زیب قتل کیس میں جیل بھیجے گئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کوکراچی کے جس نجی اسپتال میں رکھا گیااس کا سنگ بنیاد شاہ رخ جتوئی کے والد نے رکھا اور یہ اسپتال صرف شاہ رخ کی رہائش کیلئے ایک بنگلے میں قائم کیا گیا تھا، اس اسپتال نما بنگلے کی پہلی منزل پر ضروریات زندگی کی تمام آسائشیں اور سہولیات موجود تھیں اور وہاں ان کے دوست سمیت دیگر ملاقاتی بھی ملنے کیلئے آتے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3shahrukhjatoi.jpg