
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پراتھارٹی بنانے اور یوٹیوب کو بند کرنے پر کام شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں عمران خان ملک جام کرنے کی کال دیں گے۔
شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ مخالف اینکروں کو اٹھانے پر بھی کام شروع ہو گیا ہے، 13 اتحادی جماعتوں میں بندربانٹ اور ن اور ش آمنے سامنے آگئی ہیں، عمران خان عوام میں ہیں اوراپوزیشن ٹویٹ میں پھنسی ہے، رجیم چینج کے خلاف عمران خان ستمبر کے آخری ہفتے فائنل کال دیں گے۔
https://twitter.com/x/status/1561599055309987845
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلے کا وقت آگیا ہے، عوامی تحریکوں کو کبھی روکا نہیں جاسکتا، 24 گھنٹے کے نوٹس پر عمران خان کا کامیاب جلسہ ہوا جس پر راولپنڈی کےعوام کا مشکور ہوں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز سے سیاسی لڑائی شروع ہو چکی ہے، ہمیشہ صلح صفائی اور بات چیت کا حامی ہوں اور دعویٰ کیا کہ آئندہ 45 دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔
https://twitter.com/x/status/1561599057285578753
یاد رہے کہ اسلام آباد میں چند روز قبل ہونے والے جلسے میں تقریر کو بنیاد بنا کر عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان نے ضمانت کی درخواست دائر کر دی جس پر اسلام آباد کی عدالت نے 3 روزہ ضمانت منظور کر لی ہے۔
تاہم تحریک انصاف کے حامی یوٹیوبرز پر فیک نیوز پھیلانے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کر کے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اینکر و یوٹیوبر جمیل فاروقی کو بھی اسی نوعیت کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔