
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے مبینہ طور پر فحاشی کا اڈہ چلانے والا پاکستانی شہری گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاض پولیس نے ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پاکستانی شہری کو غیر ملکی خواتین سے زبردستی جسم فروشی کا دھندہ کروانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر ریاض کے اٹارنی جنرل نے نوٹس لیا اور پولیس کو کارروائی کی ہدایات کی تھی جس کے بعد پولیس نے گھروں میں کام کرنے والی غیر ملکی ملازماؤں سے جسم فروشی کا دھندہ کروانے کے الزام میں پاکستانی شہری کو گرفتار کیا۔
سامنے آنے والی ویڈیو اسی پاکستانی شہری کے ریاض میں موجود اڈے کی تھی جہاں غیر ملکی ملازماؤں کو رکھا گیا تھا اور وہ غیر اخلاقی سرگرمیاں کرتی دکھائی دے رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری کفیلوں کے گھروں سے فرار ہونے والی گھریلو ملازماؤں کو پناہ دینے کا جھانسا دے کر سعودی قوانین اور سماجی آداب کے منافی کاموں پر مجبور کردیتا تھا۔
سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے واقعہ سے متعلق قانونی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف قانون کی دفعہ 4 کے تحت انسانی اسمگلنگ کے جرائم کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا ، جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 10 لاکھ ریال یا 15 سال قید یا دونوں کی سزا ہوسکتی ہے۔