
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اپنے 9 سالہ سفر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔ سرفراز احمد نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا اور فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کیا۔
اپنی پوسٹ میں سرفراز احمد نے لکھا، "میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میرا وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ختم ہوا چاہتا ہے۔ یہ 9 سال کا سفر میرے لیے شاندار اور خوبصورت رہا۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اپنی تمام یادوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اپنی ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا۔
سرفراز احمد نے اپنی پوسٹ میں ندیم عمر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور ان کے تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ، خاص طور پر اعظم بھائی کی سپورٹ کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سرفراز احمد نے اپنی نیک تمنائیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ ٹیم آنے والے سیزنز میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مسلسل خراب کارکردگی کے باعث سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ان کی جگہ رائلی روسو کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ سرفراز احمد نے لیگ کے ابتدائی آٹھوں ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کی، جن میں سے 2019 کا ایڈیشن ٹیم کے لیے سب سے کامیاب ثابت ہوا جب گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
لیگ کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رنر اپ رہی، لیکن 2018 کے ایڈیشن میں پلے آف میں ناکامی کے بعد ٹیم چوتھے نمبر پر آ گئی۔ 2019 میں ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، لیکن اس کے بعد شین واٹسن اور رائلی روسو جیسے اہم کھلاڑیوں کے جانے کے بعد ٹیم کی کارکردگی مسلسل گراوٹ کا شکار رہی۔ پچھلے چاروں ایڈیشنز میں ٹیم پلے آف مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی۔