
سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ آصف علی زرداری نے طاقتورکے حلقوں سے کہا ہے کہ شہباز شریف کے بجائے مجھے ترجیح دی جائے۔
خبررساں ادارے جی این این سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے لاہور میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ملاقات پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری معلومات کے مطابق آصف علی زرداری طاقتور حلقوں سے کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف کے بجائے میرے بارے میں سوچا جائے میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں نشستیں نکال سکتا ہوں اور پنجاب میں جنوبی پنجاب مجھے دیا جائے۔
عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا کہ جب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی ڈیلیں فائنل نہیں ہوسکیں تو آج یہ دونوں جماعتیں ایک چھت کے نیچےآگئی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1489930794734952449
مولانا فضل الرحمان کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ دونوں اس وقت اپوزیشن کے ساتھ شامل ہوں گے جب طاقتور حلقے چاہیں گے اور ن لیگ بھی اشارے تک لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گی، اس وقت تک ڈراتے رہیں گے بڑے بڑے بیانات دیتے رہیں گے مگر کوئی عملی قدم نہیں اٹھائیں گے۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور مولانا 2014 میں خود یہ بیان دے چکے ہیں کہ جتھوں کو حکومت گرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آئینی طریقے تو عدم اعتماد ہے اور اسی لیے اپوزیشن حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔