
پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نےعمران خان سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ دونوں طرف سے برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے یہ دعویٰ اے آروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ میں نے عمران خان سے ملاقات میں انہیں اہم پیغام پہنچادیا ہے، میں صرف کوشش کررہا ہوں، اچھی بات یہ ہے کہ دونوں طرف سے برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔
اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے اور بھی ذرائع ہیں جن کے ذریعے بات ہورہی ہے،میں نے عمران خان صاحب کو یہی پیغام دیا کہ حالات بہتر کریں، دوسری جانب والوں کو بھی یہی کہوں گا کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں، ادھر بھی یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ کس طرح ملک کو اس دلدل سے نکالا جائے، حالات مزید خراب ہوئے تو اداروں کو نقصان پہنچے گا یہی ہمارا دشمن چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج ہمارا ادارہ ہے اور میں فوج سے محبت کرتا ہوں، نواز شریف نے 14 بار نام لے کر فوج پر تنقید کی ، اگر نواز شریف سے ہاتھ ملایا جاسکتا ہے تو پھر سب سے ملایا جاسکتا ہے، ہمیں نواز شریف سے پوچھنا چاہیے کہ معاملات کیسے بہتر کیے جاتے ہیں، ادارے سب کو ساتھ بٹھا کر حالات سدھارنے کا کام کرسکتے ہیں۔
اعجاز الحق نے کہا کہ میری ریٹائرمنٹ کی عمر ہے، اس عمر میں منافقت یا جھوٹ سے کام لوں گا تو غداری ہوگی ، میرے سامنے پاکستان ہے، امید ہے بجٹ کی منظوری کے بعد کوئی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی، ابھی فیصلہ کرنا ہوگا ورنہ ملک دیوالیہ ہوگیا تو ایک دوسرے کی شکلیں دیکھیں گے،ملک میں ایسا نگراں سیٹ اپ چاہیے جو معاشی ریفارمز اور شفاف انتخابات منعقد کروائے۔