
مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے خاندان میں اختلافات کی خبروں کی تردید کردی، اپنے بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے ان کی مشاورت سے ہوئے ہیں۔
چوہدری شجاعت نے مزید کہاکہ تمام فیصلوں کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہے، خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں،، اس لیے جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں،وضاحت پریقین نہیں رکھتا، کہنا چاہوں گاکہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1508693005485895683
صدرق لیگ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ آپ کےخاندان میں اختلافات ہیں،اس بات میں کوئی صداقت نہیں، ہمارا خاندان 50 سال سے پنجاب ہی نہیں پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے، اللہ کو حاضر وناظرجان کر کہتا ہوں فیصلے میری رضامندی سے کیے جاتے ہیں،اختلافات کا پروپیگنڈا کرکےجو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے،پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے،رائے کو فیصلہ سمجھ کر پروپیگنڈا نہیں کرنا چاہیے،حقائق کوجوڑ توڑ کرپیش کرنا یا کروانا بھی نہایت نامناسب ہے۔
گزشتہ روز عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہوئے اور اسپیکر قومی اسمبلی پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ کا عہدہ سونپا گیا، جس کے بعد ملکی سیاست میں نئی ہلچل مچ گئی، جبکہ کہا جارہا تھا کہ اس فیصلے سے چوہدری برادران میں اختلافات سامنے آگئے ہیں۔