
مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اتنے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں کہ ہم باآسانی حکومت کو گھر بھیج سکتے ہیں۔
جی این این کے پروگرام " خبر ہے " میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ جہاں تک میری ذاتی معلومات اور جتنے لوگوں کو میں جانتا ہوں اس حساب سے اتنے لوگ ہمارے ساتھ ہیں کہ ہم باآسانی حکومت کو گھر بھیج سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے اعداد وشمار کو میں چیلنج نہیں کرسکتا، ایاز صادق صاحب کے پاس اس سے بھی زیادہ معلومات ہوں گی اسی طرح احسن اقبال صاحب نے وزراء کی بھی بات کی تھی وہ بھی درست ہوگی۔
پروگرام کے میزبا ن عارف حمید بھٹی نے سوال کیا کہ جتنے بھی اراکین ہیں اگر آپ آج موڈ میں ہیں تو ان میں سے صرف ایک کا نام بتادیں ، جس پر محمد زبیر نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں ہماری جیت کا جو چانس ہے وہ ختم ہوجائے۔
پروگرام میں شریک صحافی طاہر ملک نے سوال کیا کہ اچانک نواز شریف نے شہباز شریف کو عدم اعتماد کی تحریک کیلئے جو ٹاسک دیا ہے اس کے پیچھے کون سے عوامل ہیں ، کیا نواز شریف کو کسی جانب سے گارنٹی مل گئی ہے؟
محمد زبیر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچانک فیصلہ نہیں ہوا، پی ڈی ایم بھی اسی لیے بنائی گئی تھی، ن لیگ پر کارکنان کا بہت دباؤ تھا کہ ٹی وی ٹاک شوز میں تو بڑی باتیں کرتے ہیں مگر حکومت کے خلاف کوئی عملی تحریک نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا ایسی ہی باتیں میڈیا کے لوگ بھی کرتے تھے کہ آپ نے کرنا کرانا کچھ ہے نہیں اور اسی پیسوں پر کام کرتے رہنا ہے آپ کی تحریکیں باتوں کی حد تک ہے، اسی پریشر کی وجہ سے ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف صاحب نے اس حوالے سے بالکل صحیح بیان بھی دیا تھا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پارٹی میں 2 رائے پائی جاتی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13zubair.jpg