
وفاقی حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن سے مدد مانگ لی ہے اور اپوزیشن کو خط ارسال کردیئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خطوط لکھے ہیں جن میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے آئینی ترمیم سے متعلق معاملات پر غور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق بات کی گئی ہے۔
خط میں اپوزیشن رہنماؤں سے اس کمیٹی کیلئے نام بھی طلب کیے گئے ہیں، شاہ محمود قریشی نے خط میں اپوزیشن رہنماؤں سے جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کیلئے ضروری قانون سازی کیلئے تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔
خط میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ یہاں کے لوگوں کی دیرینہ خواہش بھی ہے اور تحریک انصاف کے منشور کا حصہ بھی، اس خواش کو پورا کرنے میں ایک آئینی ترمیم حائل ہے جس کیلئے اسمبلی میں تو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے لہذا میں اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ 35 ملین لوگوں کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے تاریخی کردار ادا کریں۔