
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں دعویٰ کیا ہے کہ حکومت میں بیٹھے5 وزیر ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت کی اپنی صفوں میں اس وقت انتشار ہے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ پہلے ہی وزارت لیے بیٹھے ہیں انہیں آپ اس سے زیادہ کیا دے سکتے ہیں کہ وہ آپ کے ساتھ مل جائیں گے؟
احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ ری الیکشن کا ہوتا ہے انہیں اپنا مستقبل سیکیور کرنا ہوتا ہے اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اس حکومت پر اب جو بوجھ ہے وہ جانتے ہیں کہ اسے اگلے الیکشن میں اپنے کاندھوں پر نہیں اٹھا سکیں گے اس لیے وہ ہم سے ٹکٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ کچھ ایسے لوگ ہیں جو ان علاقوں سے ٹکٹ مانگ رہے ہیں جہاں پہلے سے ہی ہمارے نظریاتی لوگ موجود ہیں ہم ان کو چھوڑ کر نئے لوگوں کو ٹکٹ نہیں دے سکتے اس لیے ابھی ان سے بات چیت ہی چل رہی ہے۔ احسن اقبال کے مطابق اُن وزیروں کا کہنا ہے کہ انہیں اگلے الیکشن کے لیے ٹکٹ دینے کی ضمانت دی جائے تو وہ پی ٹی آئی چھوڑنے کو تیار ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں علما ونگ کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس کی اور دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت سے پی ٹی آئی کے اتنے لوگ رابطے میں ہیں کہ سمجھ نہیں آرہا کسے رکھیں اور کسے نہیں۔ حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے شدید عوامی دباؤ ہے، جہاں جاتے ہیں سوال ہوتا ہے کہ اپوزیشن اس نااہل حکومت سے کب جان چھڑائےگی؟
مسلم لیگ (ن) کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ عوامی دباؤ پر حکومت کے خلاف اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں ہماری حکومت کے خلاف سازش کے تحت دھرنے ہوئے، ہماری کسی سے لڑائی نہیں ، صرف ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں فیصلوں کا اختیار نوازشریف کو دے دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی اسناد دینے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے مراد سعید کو نمبر وَن وزیر اس لیے قرار دیا کیونکہ اس جیسی کارکردگی کسی اور کی ہو ہی نہیں سکتی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rana-sanaa-and-ahsan.jpg