
پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، ہمارے پاس مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کیلئے نامز دکردہ امیدوار چوہدری پرویزالہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ نے نجی خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب لالچ دیں یا جو ان کی مرضی آئیں کرلیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان موجود ہیں، کل ووٹنگ کے وقت اپنی تعداد سامنے لے آئیں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت کل پنجاب میں وزیراعلی کے انتخاب کیلئےالیکشن ہوگا جس میں مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف و ق لیگ کے امیدوار چوہدری پرویزالہیٰ کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
حکومت اور اس کے اتحادی جماعتوں کے پاس 179 ارکان کے ووٹ ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس 187 ارکان کی حمایت ہے، حکومت حمزہ شہباز شریف کو وزیر اعلی برقرار رکھنے کیلئے مسلسل تگ و دو کررہی ہے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف بھی لاہور میں مقیم ہیں اور اہم ملاقاتیں کررہے ہیں۔