
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے آئندہ سال کے اوائل یعنی جنوری میں ہی مسلم لیگ ن پنجاب میں اپنی حکومت بنا لے گی، انہوں نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال پر کہا کہ وہی ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکلنے میں مدد کریں گے اور مشکل حالات سے نجات دلائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی و سیاسی امور سردار ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، جلد انتخابات کی راہ دیکھنے والے اپنی خواہش دل میں ہی رکھیں، پرویز الٰہی سے یہی کہوں گا کہ عمران خان کسی کا دوست نہیں ہے۔
لیگ رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارے قائدین بانی پاکستان کی روایات کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں اور وہ دوسروں کو عزت دینا جانتے ہیں جبکہ عمران خان نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے اور اپنے مخالفین کو برے القابات سے پکارا ہے۔
ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں اپنا دور مکمل کیا تو اس وقت جی ڈی پی کی شرح 6 فیصد کے قریب تھی اس کے بعد عمران خان کو اقتدار میں جب لایا گیا تو اس نے ملک کو بربادی کی طرف گامزن کر دیا، عمران خان آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کر گئے جس سے ملک میں مزید معاشی بحران پیدا ہو گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ وہ ایک احسان فراموش آدمی ہے، جس نے بھی اس پر احسان کیا وہ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا، مسلم لیگ (ن) نے شوکت خانم کیلئے زمین دینے کے ساتھ فنڈز بھی دیئے تھے اور جہانگیرخان ترین نے اس کی پنجاب حکومت بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علیم خان نے اس کی پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں جبکہ سابق آرمی چیف کے بھی عمران خان پر بہت احسانات ہیں مگر یہ احسان فراموش ہر کسی کو برا بھلا کہہ رہا ہے۔