
قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں برطرف کیے جانے والے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے ملازمین کو بحال کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پاکستان ایئر لائنز کے برطرف ملازمین سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس قادر مندوخیل کی سربراہی میں ہوا، کمیٹی نے جعلی ڈگری پر برطرف کیے گئے پی آئی اے کے 840 اور سول ایوی ایشن کے 650 ملازمین کوبحال کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
کمیٹی نے 2009 سے اب تک برطرف کیے گئے جعلی ڈگری پر برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال کرنے ،انہیں گزشتہ مراعات دینے اور ان ملازمین کے خلاف جعلی ڈگری اسکینڈل میں درج مقدمات ختم کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو، ڈی جی سول ایوی ایشن اور سیکرٹری سول ایوی ایشن کو ملازمت سے فارغ کرنے کی سفارش کی اور تینوں افسران کے خلاف تحریک استحقاق لانے کی ہدایات دی ہیں، کمیٹی نے اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ڈی جی ایف آئی اے کو 21 جنوری کے حکم پر عمل درآمد کی ہدایات دی گئی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1623231473724583936
خیال رہے کہ 21 جنوری کے حکم نامے میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سول ایو ی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے خلاف مقدمات درج کرنےکا حکم دیا گیا تھا۔