جعلی اکاؤنٹس اور لوٹ مار پیپلزپارٹی کی پہچان ہے،فرخ حبیب

3farrukhbilawal.jpg

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے چیئرمین پیپلزپارٹی کے تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ سے متعلق کی گئی بیان بازی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس اور لوٹ مار پیپلزپارٹی کی پہچان ہے، جس کا پیسہ حلال ہو وہ ٹیکس بھی پورا دیتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول زرداری پیپلزپارٹی کے 11 خفیہ بینک اکاؤنٹس کا بھی جواب دے دیں۔ 35 کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ جعلی اکاؤنٹس اور لوٹ مار آپ کی پہچان ہے، جس کا پیسہ حلال کا ہو ٹیکس بھی پورا دیتا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1478662989565751296
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی رپورٹ نہ صرف پارٹی کرپشن کےحوالے سے گھناؤنا فرد جرم ہے بلکہ اس سے منافقت کا پردہ بھی چاک ہوا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1478655345778171910
چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان کا ٹیکس ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ اقتدار کے بعد ان کی آمدنی میں 50 گنا سے زائد کا اضافہ ہوا، پاکستان غریب تر ہو گیا ہے مگر عمران امیر تر ہو گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی تیار کردہ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔

رپورٹ کے مطابق پارٹی نے مالی سال 10-2009 اور 13-2012 کے درمیان چار سال کی مدت میں 31 کروڑ 20 لاکھ روپے کی رقم کم ظاہر کی، سال کے حساب سے تفصیلات بتائی ہیں کہ صرف مالی سال 13-2012 میں 14 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم کم رپورٹ کی گئی۔