
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ ماڈل ایان علی کو پکڑنے والے کسٹم افسر کو کس نے مارا تھا۔ کسٹم افسر چودھری اعجاز محمود کو راولپنڈی میں نامعلوم حملہ آوروں نے قتل کر دیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما شہزاد قریشی اور سیما ضیا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ کسٹم افسر کو راولپنڈی میں جن لوگوں نے قتل کیا وہ ان کے بارے میں جانتے ہیں۔ یہ بد قسمتی ہے کہ دہشت گردی کے مقدمات ان کے خلاف درج کیے جاتے ہیں جو سندھ حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب ذوالفقار علی بھٹو کی جماعت نہیں رہی، اب یہ آصف علی زرداری کی پارٹی بن چکی ہے۔ صوبے میں بد انتظامی اور مسلسل بگڑتی ہوئے حالات کے ذمہ دار سابق صدر ہیں۔ سندھ پولیس ’نااہل ‘ ہے اور مجرموں وقاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
خرم شیر زمان کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں میں شامل اسد عمر نے کہا کہ حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں، پاکستان سری لنکا کی طرح بحران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ جس حکومت نے پیٹرول کی قیمتیں مستحکم رکھنے پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا وہ قیمتیں بڑھانے کے قابل نہیں ہے۔ جس طرح حکومت ملک کو چلا رہی ہے اس طرح ایک دکان بھی نہیں چلائی جا سکتی۔