
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے محسن بیگ کی گرفتاری کے معاملے پر وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست چھوڑ دیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کے معاملے پر تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ جاری ہے،تازہ ترین بیان سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سامنے آیا جس میں انہوں نے صحافی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور صحافی کو رہا کرے۔
آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو اسے چاہیے کہ سیاست کرنا چھوڑ دے، محسن بیگ کی اس انداز میں گرفتاری قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے بیان میں محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اہلخانہ کے سامنے محسن بیگ کو ایسے گرفتار کیا گیا جیسے وہ کوئی دہشت گرد ہو۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11zardariadvicekhan.jpg