
ٹک ٹاکر حریم شاہ کا کہنا ہےکہ بے بنیاد الزامات سے ان کے خاندان کو اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اگر بے بنیاد تحقیقات نہ رکیں تو مزید ویڈیوز اور آڈیوز جاری کر دیں گی۔
حریم شاہ نے کہا کہ ان کی جائیداد بھی شوہر کے کھاتے میں ڈال دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حامی تھی لیکن اب تبدیلی سے مایوس ہوئی ہے۔دوسری جانب حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ حریم شاہ سے چار ماہ قبل شادی ہوئی تاہم تاریخ انہیں یاد نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس میں کبھی نوکری نہیں کی، کرائے کے گھر پر نہیں رہتا بلکہ گھروں کو کرائے پر دیا ہوا ہے، ڈیفنس میں جم ہے اور جم انسٹرکٹر ہوں، یہی ذریعہ معاش ہے۔
بلال شاہ کا کہنا تھا کہ حریم سے شادی کے بعد میرے خلاف ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ انتقامی کارروائی کر رہی ہے، سندھ ہائیکورٹ سے ایف آئی اے کے خلاف اپنی بیوی کے لیے حکم امتناع لیا جس پر میرے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی گئی تاہم اپنے خلاف بننے والی رپورٹ پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔
یاد رہے کہ حریم شاہ کا شوہر بلال شاہ سندھ پولیس کا برطرف سپاہی نکلا جو جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سندھ پولیس سے یکم اکتوبر 2021 کو برطرف کیا گیا۔
بلال شاہ کے خلاف اسپشل برانچ نے خفیہ رپورٹ میں بھتہ جمع کرنے، منیشات فروشی، مساج سینٹر سے بھتہ وصول کرنے کا انکشاف کیا ہے، اسپشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق بلال شاہ ڈیفنس فیز 6 مسلم کمرشل اور خیابان بخاری میں شام کے اوقات سیاہ ویگو گاڑی میں مختلف ہوٹلوں میں ہوتا تھا۔
ایس ایس پی عرفان زمان کے مطابق حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کے موبائل فون کی لوکیشن اور انٹیلی جنس رپورٹ سے ثابت ہوا ہے کہ وہ جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
21 ستمبر 2021 کو اسپشل برانچ کی رپورٹ پر ایس ایس پی ہیڈ کواٹر ساؤتھ عرفان زمان نے بلال شاہ کے خلاف انکوائری شروع کی۔ ایس ایس پی ہیڈ کواٹر کی جانب سے بلال شاہ کو 3 شوکاز نوٹس بھیجے گئے لیکن اس نے کسی کا جواب نہیں دیا جس پر اسے ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
یاد رہے کہ بلال شاہ قیوم آباد کی کچی آبادی کا رہائشی ہے جس نے کچھ ماہ قبل ہی ڈیفنس میں رہائش اختیار کی، بلال شاہ بطور کانسٹیبل بلاول ہاوس میں رہا جس پر اس نے اپنی تصاویر کئی اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ بنوائیں۔