
بھارت میں تعلیمی اداروں میں خواتین کے حجاب پر پابندی سے متعلق امریکہ کی جانب سے ردعمل سامنے آگیا ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکہ میں مذہبی آزادی کے ادارے کے اعلی عہدیدار راشد حسین نے اپنے ویری فائیڈ اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بھارت میں حجاب پر پابندی کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو لباس کے انتخاب کی آزادی مذہبی آزادی کے زمرے میں آتی ہے، بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک تعلیمی ادارے میں حجاب پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ درحقیقت مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1492153532350402564
راشد حسین نے مزید کہا کہ مذہبی آزادی کے حق میں آواز اٹھانے والوں پر مظالم، اور لڑکیوں کو زبردستی لباس کے انتخاب کرنے پر مجبور کرنے کا عمل انہیں زندگی کی دوڑ میں پیچھے دھکیلنے کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست کرناٹک کی ایک یونیورسٹی میں لڑکیوں کے حجاب پر پابندی کے بعد اس کے حق میں آواز اٹھانے والی طالبات کے معاملے نے نہ صرف پورے بھارت بلکہ دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔
دنیا بھر سے بھارتی حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات کی مذمت اور مسلمان لڑکیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے، بھارت کے اپنے اندر مختلف علاقوں میں باحجاب طالبات پر پابندی کے فیصلے کے خلاف مظاہرے بھی جاری ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2usahijabrow.jpg