بگ بیش لیگ :کھلاڑی کی چیٹنگ،مخالف ٹیم کو کتنے اضافی رن مل گئے؟

run.jpg


بگ بیش لیگ میں بیٹسمین کی جانب سے شارٹ رنز لینے پر میچ ریفری نے مخالف ٹیم کو اضافی پانچ رنز دیدیئے۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں بیٹسمین کی معمولی غلطی سے اس کی ٹیم کو پانچ رنز کا نقصان برداشت کرنا پڑگیا اور مخالف ٹیم کو اضافی پانچ رنز مل گئے۔

یہ واقعہ بگ بیش کے میلبرن اسٹارز اور ہوبارٹ ہیوری کینز کے درمیان میچ میں اس وقت پیش آیا جب ہوبارٹ ہیوری کینز کی ٹیم بیٹنگ کررہی تھی ۔بیٹنگ کے دوران ہوبارٹ ہیوری کینز کے ایک کھلاڑی جب رنز لینے کیلئے بھاگے تو انہوں نے پہلے رنز کو پورا کیے بغیر کریز سے کافی دور سے ہی دوسرے رنز کیلئے دوڑ لگادی، وکٹوں کے درمیان دوڑتے اس کھلاڑی نے اپنا بیٹ بھی کریز کے اندر ٹچ کرنے کی زحمت نہیں کی اور دوسرے رنز کیلئے واپس مڑ گیا۔


فیلڈ پر موجود ایمپائر نے اس حرکت کا نوٹس لیا اور فیلڈ ایمپائر کو اس صورتحال سے آگاہ کیا جنہوں نے بیٹسمین کی اس حرکت کو غلطی قرار دیا اور اس کی سزا میں پانچ رنز کی پنالٹی کا فیصلہ سنایا۔ہوبارٹ ہیوری کینز کے اس بیٹسمین کی غلطی کی وجہ سے میلبرن اسٹارز کی ٹیم کو بیٹنگ سے پہلے ہی پانچ رنز دے دیئے گئے جس کا مطلب تھا کہ جیسے ہی میلبرن اسٹارز کی بیٹنگ آئے گی بیٹسمینوں کے کریز پر پہنچنے سے پہلے ہی اسکور کارڈ پر 5 رنز لگادیئے جائیں گے۔

ہوبارٹ ہیوری کینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میلبرن اسٹارز کو 181 رنز کا ہدف دیا جس کے بعد میلبرن اسٹارز کو حقیقت میں صرف 176 رنز ہی بنانے تھے مگر میلبرن اسٹارز اس پنالٹی کا بھی فائدہ نہ اٹھا سکی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 156 رنز بناکر شکست سے دوچار ہوگئی۔