
ملک بھر میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ایسی بہت سی وارداتوں میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کی بھی وارداتیں سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک تاجر کو 2 پولیس اہلکاروں سمیت ایک ریلوے ملازم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے 1 کروڑ روپے کا تاوان حاصل کرنے کے لیے اغوا کر لیا۔ پولیس کارروائی کرتے ہوئے مغوی تاجر کو بازیاب کروانے کے ساتھ ساتھ تاوان کے 1 کروڑ روپے بھی برآمد کر لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی کے دوران 3 سرکاری ملازموں کے ساتھ 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس کی طرف سے بازیاب کروائے گئے ریاض نامی تاجر کے برادرنستی نے بتایا کہ وہ شادباغ کے رہائشی ہیں اور اپنے 50 سالہ دوست کو ملنے سگیاں پل پر گئے تھے۔ سگیاں پل پر شالیمار تھانے کے تھانیدار، ایک پولیس اہلکار اور ریلوے کلرک سمیت 6 افراد نے انہیں گاڑی سمیت اغوا کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزموں نے مغوی تاجر ریاض کے فون سے اس کے برادر نسبتی کو فون کر کے 1 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 3 سرکاری ملازموں سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی علی قاضی نے بتایا کہ ملزم مغوی تاجر کو مختلف گاڑیوں میں بٹھا کر مختلف جگہوں پر گھومتے رہے اور اس دوران گاڑیوں کے نمبر بھی تبدیل کرتے رہے۔ پولیس نے مہران، نجیب اللہ، عمیر، اعجاز اور عثمان نامی ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے اور ایک ملزم اب تک مفرور ہے، پولیس کے مطابق ملزموں سے تاوان کی رقم 1 کروڑ روپے اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/railaay111.jpg