
لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے سیلاب متاثرین نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کہا تھا کل امداد ملے گی مگر ہمیں کچھ بھی نہیں ملا۔
ہم نیوز کی اینکر مہر بخاری نے سندھ میں سیلاب زدہ علاقوں سے خصوصی پروگرام کیا اور وہاں پر سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہونے والے لوگوں سے گفتگو کی، عوام نے ان کے سامنے اپنی کسمپرسی اور حکومت کی امدادی کارروائیوں کی حقیقت کا پول کھول کررکھ دیا۔
لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے کہا کہ بلاول آیا تھا یہاں، گھوم کر چلا گیا اورکہا کہ صبح آؤں گا نا انہوں نے کوئی امداد دی اور نا وہ دوبارہ یہاں آئے، ان کے ساتھ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی تھے ، اگر وہ نہیں آتے تو ہمیں شائد اتنی تکلیف نہیں ہوتی، وہ آکر دیکھ کر چلا گیا ہمیں اس بات کو بہت غم ہے، یہ ان کا اپنا شہر ہے ہم ان کے ووٹرہیں مگر وہ یہاں آئے ہمیں دیکھا اور چلے گئے۔
اسی علاقے کے ایک دوسرے شخص نے کہا کہ ہم 15 ،20 دنوں سے یہیں کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں، کتنی بارشیں ہوچکی ہیں،بلاول بھٹو آئے پانی دیکھا اور چلےگئے،ہم نے انہیں بتایا کہ ہمارے پاس کچھ نہیں ہے ، ہمیں ٹینٹ چاہیے، کھانے پینے کی چیزیں نہیں ہیں،انہوں نے کہا سب کچھ ملے گا، مگر آج تک کچھ بھی نہیں ملا۔
سیلاب متاثرہ ایک دوسرے شخص نے کہا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے بھوک سے مررہے ہیں، ہمارے پاس تن ڈھانپنے کیلئے کپڑا تک نہیں ہے،کھانے کیلئے روٹی کا ایک ٹکڑا نہیں ہے، بارش ہوتی ہے ہمارے پاس چھت نہیں ہے کہ ہم بارش سے بچ سکیں، سرکار ہماری کوئی مدد نہیں کرتی،جو بھی آتا ہے دیکھ کر چلاجاتا ہےکہ یہ غریب لوگ کیسے مرتے ہیں کیسے تڑپتے ہیں، مگر کوئی ہماری مدد نہیں کرتا ۔