
ترجمان دفتر خارجہ نے برطانیہ کی سیکرٹری داخلہ سویلا بریورمین کےپاکستانی مردوں سے متعلق بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران برطانوی سیکرٹری داخلہ سویلا بریورمین کے پاکستانی مردوں سے متعلق ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریمارکس برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کے ارادے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی سیکرٹری داخلہ کے ریمارکس انتہائی گمراہ کن تصویر پیش کرتے ہیں،انہوں نے غلط طریقے سے کچھ لوگوں کے مجرمانہ رویے کو پوری کمیونٹی کی نمائندگی قرار دیا ہے، ہوم سیکرٹری برطانوی معاشرے میں وہاں مقیم پاکستانیوں کی زبردست ثقافتی، اقتصادی اور سیاسی شراکت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی سیکرٹری داخلہ کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہون نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی مرد عورتوں کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں، انہوں نے یہ الزام ایک انٹرویو کے دوران بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے لگایا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی مرد ہمارے معاشرے کے برخلاف فرسودہ اور گھناؤنے انداز اپناتے ہوئے خواتین کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ پاکستانی مردوں کے رویے برطانیہ کی سماجی روایات سے متصادم ہیں، یہ لوگ برطانیہ کی ثقافتی اقدار کو پامال کرتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/foriaahhsasd.jpg